ٹرمپ کی پالیسیاں امریکہ کو تنہا کردیں گی،سینیٹرسراج الحق

212

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی پالیسیوں سے خود امریکی عوام پریشان ہیں اور یہ پالیسیاں امریکہ کو تنہا کر دیں گی۔ امریکی صدر کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی اور مسلمانوں کے خلاف تنگ نظری کا رویہ ختم کرنا ہوگا۔انتخابات سے پہلے بھی وہ مسلمانوں کے خلاف ریمارکس دیتے رہے ہیں۔حلف کے بعد سے ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف ایسے معاندانہ اقدامات کر رہے ہیں جنہیں اس کے اپنے لوگ بھی ناپسند کر رہے ہیں اور امریکہ میں روزانہ ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل کر ٹرمپ کے خلاف احتجاج کرتے ہیں ،ساری انسانیت اللہ کا کنبہ ہے اور انسانیت کا احترام سب پر واجب ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ میڈیا آج دنیا بھر میں ہونے والے واقعات رپورٹ کررہا ہے ،امریکی صدر کا مسلمانوں کے بارے میں تضحیک آمیز رویہ کسی سے چھپا ہوا نہیں ،مذہب اور رنگ و نسل کی بنا پر کسی سے نفرت کی اجازت دنیا کا کوئی قانون بھی نہیں دیتا ۔ٹرمپ اب امریکہ جیسے بڑے ملک کے صدر ہیں اس لئے انہیں اپنی پالیسیوں اور رویے دونوں کو بدلنا ہوگا۔

انہو ں نے کہا کہ امریکی صدر کی مسلمانوں کے بارے میں معاندانہ پالیسیوں سے خود امریکہ کیلئے مشکلات بڑھ رہی ہیں ۔

عمران خان کی طرف سے پی ایس ایل کے فائنل میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کو پھٹیچر قرار دینے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ میں نے تو وہ بات نہیں سنی البتہ میں خود فائنل دیکھنے گیا تھا ،بہت اچھا میچ ہوا ، دوسرے ملکوں کے کھلاڑی بھی آئے ، ان کا لاہور میں آکر میچ کھیلنا خوش آئند ہے ، نفرت کے ماحول میں لاہور میں فائنل میچ بہت مفید ثابت ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کیلئے عمران خان کی بہت خدمات ہیں جن سے انکار نہیں کیا جاسکتا ، خیبر پختونخواہ میں عمران خان اور ہم اکٹھے ہیں ۔میں تو چاہتا ہوں کہ ملک میں کرکٹ کے فروغ کیلئے ہر یونین کونسل میں نوجوانوں کیلئے بہترین گراؤنڈ اور کرکٹ کا سامان ہونا چاہئے اور ہر شہر میں کرکٹ اکیڈمیاں کھلنی چاہئیں تاکہ گراس روٹ لیول سے کھیلوں کو فروغ دیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،پاکستانی نوجوان ذہین اور باصلاحیت ہیں اگر ان کی بہتر رہنمائی ہو اور انہیں سہولیات مہیا کی جائیں تو یہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ ہاکی ،فٹ بال اور دیگر کھیلوں میں بھی دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔