مسائل ایک دن میں حل نہیں ہو سکتے ، گورنر سندھ 

203

گورنر سندھ محمد زبیر نے منگل کو حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے صدر پیر صبغت اللہ شاہ راشدی سے ان کی قیام گاہ راجہ ہائوس میں ملاقات کی ۔

اس موقع پر سندھ میں امن و امان کی صوتحال ، سیاسی حالات اور دوسرے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صوبے کو جن مسائل کا سامنا ہے وہ مسائل ایک دن میں حل نہیں ہوسکتے بلکہ ان پر قابو پانے میں وقت لگے گا اور اس سلسلے میں سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔

گونر سندھ کا کہنا تھاکہ حکومت سندھ حالات کی درستگی اور کرپشن کے خاتمے کے لئے کام کررہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

اس موقع پر پیر پگارا کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے فیڈریشن کی بقا اور استحکام کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ فنکشنل نے ہمیشہ مضبوط فیڈریشن کی بات کی ہے اور ملک میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج نے رد الفساد کے نام سے جو آپریشن شروع کیا ہے ،اس کی ہم بھر پور تائید و حمایت کرتے ہیں۔

گورنر سندھ نے پیر پگارا سے کہا کہ وہ صوبے میں ہم آہنگی اور بہتر سیاسی ماحول کے خواہشمند ہیں اسی لئے تمام سیاسی جماعتوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں اور رابطے کررہے ہیں تاکہ ان کی مشاورت کے ساتھ سندھ کی بہتر انداز مین خدمت کی جاسکے۔