مشرقی پاکستان سے آنے والوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں،حافظ نعیم الرحمان

240

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے کیمپوں میں موجود محصورین محب وطن پاکستانی ہیں اور ان کو پاکستان سے محبت کی ہی سزا دی جارہی ہے ۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ اور ہر مو قع پر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرے گی ۔نادرا مشرقی پاکستان سے ہجرت کر کے آنے والوں کے ساتھ اور دیگر پاکستانیوں کے نارواسلوک اور امتیازی رویہ ترک کرے اور ان کو قومی شناختی کارڈز کی فراہمی فی الفور یقینی بنائے ۔مشرقی پاکستان سے آنے والے پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ جماعت اسلامی ان کے مسائل کے حل کی ہر ممکن کوشش کرے گی اور ان کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محبان پاکستان تحریک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفدنے چیئرمین محبان پاکستان ممتاز حسین انصاری کی قیادت میں حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نور حق میں ملاقات کی ۔وفد میں محبان پاکستان تحریک کے سینئر وائس چیئرمین آفتاب احمد دانش، جنرل سکریٹری شکیل احمد ، سکریٹری مالیات محمد شجیع خان ، سکریٹری اطلاعات محمد نعیم اقبال ، عوامی رابطہ کونسل کے اراکین محمد شمس الدین ، اکرام اللہ صدیقی ، خورشید عالم ، محمد علاؤالدین کلیمی ، محمد انور انصاری، جاوید اسلم ، شمیم اختر اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سکریٹری سیف الدین ایڈوکیٹ ، محبان وطن سیل کراچی کے کنونیئر سید شہزاد مظہر اور این ایل ایف سندھ کے جنرل سکریٹری خالد خان بھی موجود تھے ۔ وفد نے حافظ نعیم الرحمن کو اپنے مسائل آگاہ کیا اور کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں روزانہ کی بنیاد پر بے گناہ افراد کو پکڑ کر جیل میں بند کیا جارہا ہے اور کسی نہ کسی کیس میں ملوث کر کے پریشان کیا جارہا ہے جس سے عوام کے اندر پولیس کی جانب سے خوف بڑھتا جارہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 30سالوں سے اورنگی کے نوجوانوں کو لسانی سیاست میں ملوث کیا گیا اور نوجوان نسل کو قلم کے بجائے ہتھیار پکرائے گئے ۔ الحمد للہ اورنگی ٹاؤن کے نوجوانوں کو جماعت اسلامی سے حوصلہ ملا ہے اور شہر کی ترقی اور تعمیرکی جدو جہد لیے تیار ہیں ۔وفد نے بتایا کہ نادرا کی جانب سے بہاریوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے جس وجہ سے شناختی کارڈ کے حصو ل میں شدید مسائل کا سامنا ہے ۔ علاقہ ازیں گزشتہ 45سال سے بنگلہ دیش میں محب وطن پاکستانی کیمپوں میں محصور ہیں اور پناہ گزینوں کی طرح زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔پاکستان کی کسی حکومت نے ان کے لیے کچھ نہیں کیا ۔پاکستان سے محبت اور حب الوطنی ان کا جرم بنا دیا گیا ہے ۔

حافظ نعیم الرحمان نے وفد کو ان کے مسائل کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہر مرحلہ پر آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت میں نہ ہونے کے باوجود ہر سطح پران مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مکمل تبدیلی ہی مسائل کا اصل حل ہے ۔جماعت اسلامی ہی ایسی جماعت ہے جو ملک میں اسلامی انقلاب کے ذریعے مکمل اور حقیقی تبدیلی کے ذریعے امن و خوشحالی لاسکتی ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ عوام بہروپیوں کے چنگل میں پھنسنے کے بجائے آپ جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کریں ۔

انہوں نے کہا کہ بد سے بد تر حالات میں بھی جماعت اسلامی نے حالات کا سامنا کیا ،قربانیاں دیں ہیں اب حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں ۔نوجوانوں کے اندر شعور پیدا ہورہا ہے ۔عوام اب بند گلی کی سیاست سے نکلنا چاہتے ہیں اور کراچی کو ایک بار پھر ترقیاتی شہر بنانا چاہتے ہیں ۔جماعت اسلامی عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے ۔