دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں،دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے،سردارایازصادق

136

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے، اس کا کوئی مذہب نہیں اور دنیا کا کوئی ملک اس سے محفوظ نہیں ۔انہوں نے اس ناسور کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے اور مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا ۔

وہ منگل کو فر انس کی سفیر مارٹن ڈورنس سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ان سے ملاقات کی ۔اسپیکر نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اقتصادی وسماجی شعبوں میں تعاون کوفروغ دے کر باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے ۔

انہوں نے سفیر کو دوطر فہ تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے فرانس کی تاجر برادری کو پاکستان میں سر مایہ کاری کے لیے متحرک کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے کہا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک رسائی میں فرانس کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔انہو ںنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے دونوں ممالک کے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا ۔

فر انس کی سفیر مارٹن ڈورنس نے باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سر دار ایاز صادق کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ فرانس بھی پاکستان کے ساتھ پارلیمانی اور عوامی سطح پر تعلقات کوفروغ دینے کے لیے پر عزم ہے ۔انہوں نے پاکستان میں جمہوری اداروں کومزید مستحکم بنانے کے لیے فرانس کے تعاون کا یقین دلایا ۔انہوں نے لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ PSL کے انعقاد کو سر اہتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کی پاکستان میں واپسی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا فرنٹ لائن اسٹیٹ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے فرانس کی سفیرنے پاکستانی عوا م کے حوصلے اور ثابت قدمی کو سر اہا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف مسلسل جدوجہد فرانس کے عوام کے لیے ایک مثال ہے جنہیں حال ہی میں اپنی سر زمین پر دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔

اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ PSLکے فائنل کا لاہور میں انعقاد مشکل فیصلہ تھا تا ہم نفرت اور دہشت گردی پھیلانے والی قوتوں کو شکست دینے کے لیے یہ فیصلہ پاکستان کی عوام ،سیکورٹی فورسز اور سیاسی قیادت کا مشترکہ فیصلہ تھا ۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ PSLکے لاہور میں فائنل کے انعقاد پر پوری قوم خوشیاں منا رہی ہے اور اس کا پاکستان میں انعقاد حکومت پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔