امریکی تعاون کے بغیر منبج میں فوج داخل نہیں کریں گے، ترکی

164

ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ ان کا ملک شام کے منبج شہر میں تنہا فوجی آپریشن کا کوئی منصوبہ نہیں بنا رہا ہے۔ اس علاقے میں روس اور امریکا کی فوجیں موجود ہیں۔ جب تک امریکا اور روس کے ساتھ کوآرڈنیشن نہیں ہوگا اس وقت تک ترک فوج اس شہر میں داخل نہیں ہوگی۔

خبر رساں ادارے’رائٹرز‘ کے مطابق وزیراعظم بن علی یلدرم نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر امریکا اور روس سے رابطے اور تعاون کے بغیر ترک فوج منبج شہر میں داخل ہوگی تو اس کے نتیجے میں حالات مزید پیچیدہ ہوجائیں گے کیونکہ اس علاقے میں امریکا اور روس کی فوجیں بھی موجود ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ منبج میں شدت پسند گروپوں کے خلاف فوجی کارروائی میں شمولیت کے حوالے سے عسکری سطح پربات چیت جاری ہے۔

ادھر دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع ’پینٹاگون‘ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی فوج نے شام کے منبج شہر میں فوج کا ایک گروپ تعینات کیا ہے۔ پینٹا گون کے ترجمان جیف ڈیویس کا کہنا ہے کہ منبج میں امریکی فوج کی تعیناتی کا مقصد وہاں پر موجود شامی اپوزیشن گروپوں کو ایک دوسرے سے لڑنے سے روکتے ہوئے تمام توجہ داعش کی سرکوبی پرمرکوز کرنا ہے۔