کوہاٹ پولیس کی کارروائیاں،3مطلوب اشتہاریوں سمیت47مشتبہ افراد گرفتار

188

کوہاٹ میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے قانون شکن عناصر کے خلاف جاری آپریشن کے دوران مزید تین مطلوب اشتہاریوں سمیت 47مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔زیر حراست افراد کے قبضے سے پولیس کو بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ اور منشیات بھی ملے ہیں۔شہر بھر میں سرچ آپریشن کے انعقاد میں مختلف تھانوں کی پولیس ، ایلیٹ فورس ، خواتین پولیس ، بم ڈسپوذل اسکواڈ اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر قابو پانے اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر خصوصاً سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان اور انکے سہولت کاروںکے خلاف شہر اور مضافات کے علاقوں میں جاری سرچ آپریشن کے تسلسل میں پولیس نے گزشتہ روز کی کاروائی کے دوران قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب تین اشتہاریوں سمیت 47مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف،ایک کلوکوف،چار رائفل،تین بندوق،نو پستول،بیس چارجرز،مختلف قسم کے آٹھ سو کارتوس،پانچ کلو گرام چرس اور دو بوتل شراب برآمد کرلئے۔

زیرحراست افراد میں بعض ملزمان کے خلاف اسلحہ و منشیات رکھنے کے جرم میں متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیںجبکہ دیگر مشتبہ افراد کو چھان بین کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کی کاروائی شہر اور ملحقہ علاقوں جنگل خیل ، ملنگ آباد ، تپی ، غورزندی ، گمبٹ ، محمد زئی ، استرزئی ، بلی ٹنگ اور جرما میں عمل میں لائی گئی جس میں حساس اداروں کی نشاندہی پر ٹارگٹڈ گھروں کی تلاشی لی گئی۔