خواتین کے حقوق کا ایک دن منانے سے حق ادا نہیں ہوتا،سراج الحق

195

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے کہاکہ خواتین کے حقوق کا ایک دن منانے سے والدین کے احترام کا حق ادا نہیں ہوتا ۔ خواتین کے حقوق کے علمبردار ادارے پورا سال خامو ش رہتے ہیں اور ایک دن چند اجلاس کر کے اپنے فرض منصبی سے عہدہ برآ ہو جاتے ہیں ۔ اسلام نے 365 دن خواتین کے حقوق کی ادائیگی کا حکم دیاہے ۔ ہمارے ہاں ماں کے قدموں میں جنت ہے ۔ افسوس یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں بھی خواتین کو وہ حقوق نہیں دیے جارہے جن کا حکم اسلام نے دیاہے ۔ خواتین کا سب سے زیادہ استحصال مغربی معاشرے میں ہورہاہے جہاں ماں ، بہن اور بیٹی کے مقدس رشتوں کی پہچان ختم ہوچکی ہے۔

سینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ خواتین کے لیے وراثت میں قانونی حق موجود ہے مگر عملاً انہیں اس حق سے محروم رکھا جارہاہے ۔ جہیز کی لعنت نے غریب کے لیے اپنی بیٹی کے ہاتھ پیلے کرنا مشکل بنادیا ہے ۔ گزشتہ چند سالوں میں دہشتگردی میں شہید ہونے والے سرکاری ملازمین اور عام افراد کے والدین اور بیٹیوں کی کفالت کا سرکاری سطح پر کوئی انتظام نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کو تعلیم کا حق دیا گیاہے لیکن ان کے لیے علیحدہ یونیورسٹیاں اور تعلیمی ادارے نہیں بنائے گئے ۔ آبادی کا 51 فیصد خواتین پر مشتمل ہے ، انہیں اسلام میں دیے گئے حقوق سے محروم رکھا جارہاہے ۔

سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ ہماری تجویز ہے کہ الیکشن کمیشن الیکشن لڑنے والوں سے سر ٹیفکیٹ لے کہ اس نے وراثت میں بہن ، بیٹی کا حق ادا کیاہے ۔ کچھ لوگ خواتین کو بازار کی زینت بناناچاہتے ہیں ۔ اسلام نے خاتون کو گھر کی ملکہ بنایا ہے ۔ ماں ، بہن ، بیٹی کے مقدس رتبے سے نوازا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ خواتین پر ہر طرح کا تشدد ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔ گزشتہ سال کے محدود عرصہ میںخواتین پر تشدد کے 53 ہزار سے زائد کیس درج ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ خواتین ممبران اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز سے محروم رکھا جاتاہے حالانکہ انہیں بھی مردوں کے برابر فنڈز ملنے چاہئیں ۔

انہوں نے کہاکہ پبلک مقامات پر خواتین کے لیے علیحدہ کاﺅنٹرز بنانے کی ضرورت ہے ۔ اسی طرح پبلک ٹرانسپورٹ ، ہوٹلوں ، ریلوے اور ہوائی جہاز وں میں خواتین کے احترام کو یقینی بنانا ضروری ہے ۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر بیٹی کے ہاتھ میں قلم اور کتاب تھمائے ، بے گھر خواتین کو چھت فراہم کی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کی سب سے بڑی علمبردار ہے اور ہم خواتین کی ترقی پر یقین رکھتے ہیں ۔