بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران نے پابندیوں کے خاتمے کے بعد اقتصادی میدان میں کافی ترقی کی ہے۔
پریس ٹی وی کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف نے ایران کی اقتصادی سرگرمیوں کے بارے میں اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ جنوری2016 میں پابندیوں کے خاتمے کے بعد تیل کی پیداوار اور برآمدات میں ہونے والے اضافے سے ایران کی اقتصادی رونق کی بحالی میں کافی مدد ملی ہے۔
آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ ادارہ، تیل کی صنعت سے تہران کی وابستگی کو کم کرنے اور نجی شعبوں کو ترقی دینے کے تعلق سے ایرانی حکام کی تجاویز کا خیرمقدم کرتا ہے۔مذکورہ ادارے نے خیال ظاہر کیا ہے کہ ایران میں شرح نمو مارچ 2017کے آخرتک 6.6 تک پہنچ جائے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہو سکتا ہے اور آئندہ دو برسوں میں ایران کی اقتصادی صورتحال بتدریج بہتر ہو گی جس کے نتیجے میں ایران میں غیرپٹرولیم صنعتوں میں نمایاں ترقی کا مشاہدہ کیا جائے گا۔