دنیا بھر میں گردوں کی بیماریوں کا عالمی دن

173

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج جمعرات کے روز ورلڈ کڈنی ڈے منایا  جا رہا ہے۔ سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں علاج کی ناکافی سہولتوں اور مرض سے آگاہی نہ ہونے کے باعث گردوں کی بیماریوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔

دنیا کی کل آبادی کا دسواں حصہ گردوں کے خطرناک مرض میں مبتلا ہے ۔ پاکستان میں صورتحال اور بھی سنگین ہے ۔ اس مرض کے حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی مستنعد اعداد و شمار موجود ہی نہیں ۔ ایک سروے کے مطابق ملک کا ہر دسواں فرد اس مرض کا شکار ہو رہا ہے جس کی بڑی وجہ مرض سے لاعلمی اور علاج کی ناکافی سہولتیں ہیں ۔

گردے کے مرض کی بہت سی وجوہات ہیں جن میں مدافعتی نظام کا غیر فعال ہونا ، شوگر ، بلڈ پریشر اور مختلف قسم کے انفیکشنز شامل ہیں ۔ ماہرین کے مطابق رہن سہن اور خوراک میں توازن پیدا کر کے اس مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے ۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال مارچ کے دوسرے ہفتے ورلڈ کڈنی ڈے منایا جاتا ہے جس کا مقصد لوگوں میں اس بیماری سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے ۔ ماہرین صحت کے مطابق گردوں کے امراض کے حوالے سے جہاں حکومتی اقدامات کی ضرورت ہے وہیں عوام کو بھی صحتمندانہ طرز زندگی اختیار کرنا ہوگا۔