جماعت اسلامی کرپشن فری سیاسی دینی جماعت ہے ، لیاقت بلوچ

307

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کرپشن فری سیاسی دینی جماعت ہے ۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کرپشن کے خلاف تحریک برپا کر کے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ، جبکہ حکمران طبقہ اور وزراء کے اعصاب شل ہوتے نظر آرہے ہیں اور وزرا اب سراج الحق کے بارے بد زبانی اور غیر شائستگی پر اتر آئے ہیں ۔ وہ ہوش کے ناخن لیں ۔

جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وسائل اور قومی دولت کو بے دردی سے لوٹا گیاہے ۔ سوئس بنکوں اور دیگر ممالک میں پڑی قومی دولت واپس آ جائے تو پاکستان قرضوں کی لعنت سے نجات اور قوم خوشحال ہوسکتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس میں کرپٹ اشرافیہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے ۔ قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں ۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ سپریم کورٹ سے پانامہ کیس کا فیصلہ عوامی توقعات کے مطابق آئے گا ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے پورے ملک میں خوشحال پاکستان فنڈ کی مہم کا آغاز کر دیاہے اور عوام الناس دل کھول کر جماعت اسلامی اور اس کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں ۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی بھر پو ر کامیابی حاصل کرے گی ۔ خوشحال پاکستان فنڈ کیمپ سے احمد سلمان بلوچ ، طیب اعجاز ،چوہدری محسن بشیر ، مفتی عمر ، رانا عمیر و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔