موصل میں عراقی فوج کی پیشقدمی، داعشی عناصر فرار

175

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے داعش کے خلاف مشترکہ آپریشن جاری رکھتے ہوئے، مغربی موصل کے متعدد علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔

عسکری ذرائع کے مطابق، عراق کی وفاقی پولیس فورس کے جوان ، جمعے کی دوپہر، مغربی موصل کے علاقوں شیث النبی اور العکیدات میں داخل ہوگئے اور داعش دہشت گردوں کو فرار ہونے پر مجبور کردیا۔صوبہ نینوا کے آپریشنل کمانڈر میجر جنرل عبدالامیر رشید یاراللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مذکورہ دونوں علاقوں کی اہم عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیا گیا ہے اور دہشت گرد عناصر وہاں سے بھاگ گئے ہیں۔

دوسری جانب عراق کی انسداد دہشت گردی فورس کے کمانڈر میجر جنرل سعد معن نے مغربی موصل میں داعشی عناصر کے ساتھ شدید جھڑپوں کی خبر دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مغربی موصل میں داعش کے آخری ٹھکانوں کو خالی کرانے کی غرض سے انسداد دہشت گردی فورس کے جوان پوری قوت کے ساتھ آپریشن کر ر ہے ہیں۔

عراقی سیکورٹی فورس نے مغربی موصل کی آزادی کے لیے آپریشن، انیس فروری سے شروع کیا تھا جس کے دوران مغربی موصل کے ایک بڑے علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا ہے۔

عراق کی انسداد دہشت گردی فورس کے کمانڈر نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ عراقی فوج کے جوان اب موصل کے قدیم علاقے کی دہلیز تک پہنچ گئے ہیں جہاں ہمیں تنگ گلیوں اور راستوں کا سامنا ہے لہذا اس علاقے میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید لڑائی کی توقع ہے۔