سری لنکا نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دے دی

129

سری لنکا نے رنگنا ہیراتھ کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 259 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، بنگلہ دیشی ٹیم 457 رنز کے تعاقب میں 197 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ہفتہ کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز بنگلہ دیش نے 457 رنز کے تعاقب میں 67 رنز بغیر کسی نقصان کے اننگز دوباہ شروع کی تو تمیم اقبال 13 اور سومیا سرکار 53 رنز پر کھیل رہے تھے، سومیا سرکار گزشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر اسیلا گونارتنے کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، 80 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب مومن الحق 5 رنز بناکر دلراون پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اپنے اگلے ہی اوور میں دلروان پریرا نے تمیم اقبال کو 19 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کو تیسری کامیابی دلا دی، شکیب الحسن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 8 رنز بناکر رنگنا ہیراتھ کی گیند پر کرونا رتنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، اسی اوور میں رنگنا ہیراتھ نے محمد اللہ کو صفر پر کلین بولڈ کرکے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی، بعد میں آنے والے بلے باز بھی رنگنا ہیراتھ کی باؤلنگ کو جم کر نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے۔

 کپتان مشفق الرحیم 34 ، لتن داس 35 ، تسکین احمد 5 ، مصطفیض الرحمان صفر اور مہدی حسن مرزا 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس طرح بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 197 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ رنگنا ہیراتھ نے 59 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، دلروان پریرا نے دو جبکہ گونارتنے اور سنڈکان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ کوسال مینڈس کو پہلی اننگز میں 194 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔