سندھ میں گندم کی سرکاری خریداری 15مارچ سے شروع ہوگی

185

سندھ میں گندم کی نئی فصل کی سرکاری خریداری15مارچ سے شروع ہو جائے گی۔ اس سال بھی گندم کا سرکاری ریٹ 1300روپے فی من 40کلوگرام برقرار رکھا گیا ہے۔ اس سال12لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

سندھ میں اس سال11لاکھ 66ہزارہیکٹرز پر گندم کی فصل کاشت کی گئی ہے۔ ڈگری سب ڈویژن سمیت میرپورخاص ڈویژن میں گزشتہ ماہ فروری کے آخری ہفتے سے گندم کی نئی فصل تیار ہو چکی ،جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی تقریبا گندم کی نئی فصل تیار ہو چکی ہے۔

محکمہ خوراک کی جانب سے تاحال گندم کی سرکاری خریداری کے مراکز قائم نہیں کئے جا سکے ہیں،جس کے باعث چھوٹے آباد گارکم ریٹ پر اپنی فصل فروخت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں سندھ آباد گار بورڈ نے گندم کے آباد گاروں کے اس اہم مسئلے پر کل پیر کو تیرہ مارچ کو آبادگاروں کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔چیمبر آف ایگر یکلچر کے رہنماوں نے بھی سرکاری خریداری مراکز نہ کھولنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ محکمہ خوراک نے صوبے میں15مارچ سے گندم کی سرکاری خریداری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور اس سال گندم کی سرکاری خریداری کا ہدف12لاکھ ٹن( ایک کروڑ20لاکھ بوری) مقرر کیا ہے۔

گزشتہ سال11لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی گئی تھی۔جبکہ اس سال12لاکھ ٹن گندم کی خریداری کے لئے انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں۔ اس سال گندم کے ریٹ میں اضافہ نہیں کیا گیا اور گزشتہ سال کا ریٹ 1300سو روپے فی من کا ریٹ ہی برقرار رکھا گیا ہے۔