افغان فورسز کی کارروائیوں میں 20 عسکریت پسند ہلاک

155

مشرقی افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے اورسیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 20عسکریت پسند اور10سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے، ارزگان میں بارودی سرنگ نصب کرنے کے دوران قبل ازوقت ہونے والے دھماکے میں 5طالبان ہلاک ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ ننگرہار میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے اورمختلف کارروائیوں میں 11طالبان، داعش کے 9ارکان اورسیکیورٹی فورسز کے 10اہلکار ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق یہ کارروائیاں ضلع غنی خیل،کوٹ اورخوگیانی میں کی گئیں۔

حکام کے مطابق امریکی جاسوس طیارے نے غنی خیل کے علاقہ میں ایک مشتبہ ٹھکانے کو نشانہ بنایا،حکام نے ان کارروائیوں میں 10سیکیورٹی اہلکاروں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔

جنوبی صوبہ ارزگان میں بارودی سرنگ نصب کرنے کے دوران قبل ازوقت ہونے والے دھماکے میں 5طالبان ہلاک ہوگئے۔افغان حکام کے مطابق بارودی سرنگ پھٹنے کا واقعہ ضلع چورہ میں پیش آیا۔لغمان کے ضلع علی شنگ میں ایک جھڑپ کے دوران طالبان کمانڈر ہلاک ہوگیا۔