پی ایس ایل فائنل دہشت گردی کیخلاف اہم قدم تھا، برطانوی جریدہ

145

برطانوی جریدے نے بھی پاکستان میں پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے اہم حکومتی اقدام قرار دیا ہے اور اس بات کو بھی خوش آئند قرارد یا ہے کہ دوسری جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرنے کی طرف جارہی ہے ۔

برطانوی جریدے نے اسٹاک ایکس چینج کی کارکردگی اور مردم شماری کرانے کو بھی حکومت کے ہم فیصلوں سے تعبیر کیا۔ برطانوی جریدے اکانومسٹ کے مطابق سری لنکا کی ٹیم پر حملے کے آٹھ سال بعد لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کرکٹ کے دیوانوں کا جوش ظاہر کر رہا تھا، دوسری جانب پاکستان میں دوسری جمہوری حکومت کا اپنی مدت پوری کرنا ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان پھر سے ایک مستحکم اور ترقی کی جانب پیش رفت کرنے والا ملک ہے۔

ایک سال کے دوران اسٹاک ایکس چینج کی شاندار کارکردگی اور جی ڈی پی گروتھ کا 4 سے 5 فیصد ہونا بھی غربت میں خاتمے کا اشارہ ہے، پاکستان بھر میں لوڈ شیڈنگ کو پہلے کے مقابلے میں تقریباً نصف کردینا بھی نواز حکومت کی اہم کامیابیوں میں سے ایک ہے جبکہ مردم شماری کا انعقاد اور فاٹا کو خیبرپختون خوا میں شامل کرانا بھی اہم اقدام ہیں۔