مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پدگامپورہ پلوامہ میں چار نوجوانوں کی شہادت پر پلوامہ اور ترال میں مسلسل چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہو کررہ گئے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پلوامہ اور ترال میں تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے اور سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی ۔ قابض انتظامیہ نے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے بھارتی فورسز اور پولیس کی بھاری تعداد تعینات کررکھی تھی۔ شہید نوجوانوں کے گھروں پر فاتحہ خوانی کی مجالس کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جبکہ پلوامہ میں لوگوں کی بڑی تعدادنے جلوس کی صورت میں شہید پارک تک مارچ کیا۔
ادھر ضلع کے علاقے ٹہاب میں نوجوانوں نے بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے ۔بھارتی فورسز نے مظاہرین کومنتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے درجنوں گولے داغے اور پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کئی نوجوان زخمی ہوئے ، علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پید اہوا اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے پر مجبور ہوئے۔
زخمی نوجوانوں کو علاج ومعالجہ کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔مشتعل نوجوانوں نے جواب میں بھارتی فورسز پر پتھراؤ کیااور نوجوانوں اور فورسز کے درمیان دن بھر جھڑپیں جاری رہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے مرچی گیس کا بھی استعمال کیا جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید ازیت کا سامنا کرناپڑا۔