حلب میں فضائی حملہ 42 نمازی شہید

161

شام کے جنگ سے تباہ حال شہر حلب میں جنگی طیاروں نے ایک مسجد پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 42 نمازی شہید اورمتعدد زخمی ہوگئے۔

انسانی حقوق کے ادارے شامی آبزرویٹری کے مطابق یہ واقعہ شمالی شام میں باغیوں کے زیر انتظام ’الجینہ‘ علاقے میں اس وقت پیش آیا جب بمبار طیاروں نے ایک مسجد پر فضائی حملہ کردیا۔ بمباری کے نتیجے میں 42 نمازی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

برطانیہ سے شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ جب یہ حملہ ہوا اس وقت مسجد میں عشا کی نماز ادا کی جا رہی تھی۔

تنظیم کے مطابق مارے جانے والوں میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔بعض ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ یہ فضائی کارروائی کس کی جانب سے کی گئی ہے لیکن روسی اور شامی طیارے اس علاقے میں پرواز کرتے رہتے ہیں۔