گھانا، آبشار پر درخت گرنے سے 20 طلبہ ہلاک

223

گھانا میں کنٹامپو کی معروف آبشار میں ایک بڑا درخت گرنے کے حادثے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ناگہانی صورت حال سے نمٹنے والے شعبے کے اہلکاروں نے بتایا ہے کہ طوفان میں جب یہ عجیب حادثہ رونما ہوا اس وقت یہ لوگ وہاں تیراکی کر رہے تھے۔انھوں نے بتایا کہ یہ درخت بظاہر طوفان کے باعث گرا ۔

گھانا کی قومی فائر سروس کے ترجمان پرنس بلی انیگلیٹ نے کہا کہ یہ حادثہ برونگ اہافو علاقے میں کنٹامپو آبشار میں ہوا۔پولیس اور فائر سروس کی مشترکہ ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کیا ہے تاکہ درخت میں پھنسے لوگوں کو بچایا جا سکے۔مرنے والوں میں زیادہ تر وینچی سینیئر ہائی سکول کے طلبہ تھے۔ جبکہ ان میں سے بعض سیاح بھی تھے۔ فائر سروس کے ترجمان نے فرانسیسی خبررساں اداریکو بتایا کہ 18 طلبہ جائے حادثے پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دو نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔

انھوں نے بتایا کہ 11 افراد کا علاج جاری ہے جن میں سے ایک سکول انتظامیہ کا انچارج ہے جو کہ ٹرپ کو لے کر وہاں پہنچا تھا۔بعض اطلاعات میں زخمیوں کی تعداد 20 سے زیادہ بتائی جا رہی ہے اور ان کا کنٹامپو میونسپل ہسپتال میں علاج جاری ہے۔گھانا کی وزیر سیاحت کیتھرن ابیلما افیکو نے ایک بیان میں کہا کہ ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور زخمیوں کے لیے دعاگو ہیں۔