سعودی فورسز نے یمنی سرحد پر 3 مشتبہ افراد کو ہلاک کردیا

202

سعودی سکیورٹی فورسز نے یمنی سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنے والے 3 مشتبہ افراد کو ہلاک کردیا۔

سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے یمن کے ساتھ واقع سرحدی علاقے میں دراندازی کی کوشش کرنے والے 3 مشتبہ افراد کو ہلاک کردیا۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصورالترکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سرحد پر تعینات فوجیوں نے یمن کے سرحدی علاقے سے مملکت کی حدود میں دراندازی کرنے والوں کو روکنے کی کوشش کی تھی۔اس دوران فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں 3 یمنی ہلاک اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ ان مشتبہ افراد کے قبضے سے 23 ہتھیار ، 32160 گولیاں اور 607 گرام حشیش برآمد ہوئی ہے۔ جھڑپ میں کوئی سعودی فوجی زخمی نہیں ہوا ہے۔واضح رہے کہ یمن کے ساتھ سعودی عرب کی جنوبی سرحد پر تعینات فوجی ماضی میں بھی مختلف گروپوں کی جانب سے اپنی حدود میں دراندازی کی کوششیں ناکام بنا چکے ہیں۔