قوم کو عدالت سے جلد انصاف کی توقع ہے، سراج الحق

172

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اس امیدکا اظہار کیا ہے کہ عدالت کرپشن کے خلاف کیس میں عوام کے حق میں جلد فیصلہ د ے گی۔ قوم کو عدالت سے جلد انصاف کی توقع ہے۔ پوری قوم فیصلے کے انتظار میں ہے۔

اتمان زئی چارسدہ کے وسیع وعریض کمیٹی گراؤنڈ میں جلسہ عام  سے خطاب کرتے ہوئے  امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک کے عوام اسلامی انقلاب کی راہ دیکھ رہے ہیں۔امریکی وفادارپاکستان پر قابض ہیں،کرپشن کے خلاف ہم نے جہاد شروع کیا ہے ہم کسی ایک فرد یا خاندان نہیں ہرکرپٹ سیاستدان،وڈیرے اورجاگیردارکااحتساب چاہتے ہیں ،سب سے پہلے میں اپنے آپ کوہرفورم پر احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں۔ جماعت اسلامی کے وزراء اور ممبران اسمبلی کو پیش کرتا ہوں ۔

سراج الحق نے کہاکہ میں نوازشریف صاحب سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہاں لبرل پاکستان نہیں چلے گا ۔ پاکستان کی بنیا دوں میں شہیدوں اورعلماء کا خون اور ماؤں کی قربانیاں ہیں ۔ ہماری عفت مآب خواتین نے سیکولر ازم نہیں اسلام کے لیے قربانیاں دی تھیں ۔انھوں نے کہاکہ عوام اپنے ووٹ سے جہالت، غربت اور کرپشن کوشکست دیں ،مزدور،کسان او رپسے ہوئے طبقات ووٹ کی طاقت سے ظلم وجبر کے خاتمے کیلئے اپنا کرداراداکریں۔

انھوں نے کہاکہ چارسدہ میں امن وامان کی بدترصورتحال تھی یہاں تابوت اورکفن کے کاروبارنے ترقی کی چارسدہ خون میں تربترتھا توعوام کی خدمت کیلئے جماعت اسلامی کے سواکوئی موجودنہیں تھا۔

اس موقع پرعلماء کرام،وکلاء سمیت سیاسی عمائدین کی بڑی تعدادنے جماعت اسلامی میں شمولیت کااعلان کیا۔شمولیتی جلسہ عام سے امیرصوبہ خیبر پختونخوامشتاق احمدخان ،امیرضلع ریاض خان سمیت دیگررہنماؤں نے بھی خطاب کیا جبکہ عوام کی بڑی تعداد اس جلسہ میں شریک تھی۔