بنوں جیل حملے میں ملوث دہشت گرد کو پھانسی دے دی گئی

177

بنوں جیل  پر حملے  سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے ایک دہشت گرد طاہر شاہ کو ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ میں پھانسی دے دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق طاہر شاہ کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم ترین کارندہ اور خطرناک دہشت گرد تھا، جو بنوں جیل پر حملے میں ملوث تھا، جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد جیل سے فرار ہوئے۔ مجرم نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر بھی حملوں کیے، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق طاہر شاہ نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا، جس کے بعد اسے فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔واضح رہے کہ اے پی ایس حملے کے بعد آئین میں ترمیم کرکے فوجی عدالتیں قائم کی گئی تھیں جن میں سنگین جرائم میں ملوث دہشتگردوں کے مقدمات کی سماعت ہوتی ہے۔