طاقت میں کھرا جانوروں میں سب سے بڑا (محمد جاوید بروہی)

215

ھاری بھرکم ہاتھی خشکی کے جانوروں میں سب سے بڑا مانا جاتا ہے۔ دُنیا میں ہاتھیوں کی دو اقسام پائی جاتی ہیں۔ ایک ایشیائی، دوسری افریقی۔ ایشیا کے ہاتھی کے کان چھوٹے ہوتے ہیں اور انہیں مختلف کاموں کے لیے سدھایا جاتا ہے۔ ہاتھی نیم پالتو جانوروں میں سب سے ذہین جانور ہے۔ اس کے دوڑنے کی رفتار قریباً 30 میل فی گھنٹہ ہوتی ہے۔ ماضی میں ہاتھی اکثر بادشاہ، نواب اور راجا پالا کرتے تھے۔ یہ ایک کارآمد جانور ہے۔ پرانے زمانے میں ہاتھی کو جنگوں میں استعمال کیا جاتا تھا اور یہ ایک طرح سے ٹینک کا کام دیتا تھا۔
افریقا کا ہاتھی دنیا کے تمام ہاتھیوں سے زیادہ موٹا اور بڑا ہوتا ہے۔ اس کی سونڈ 6 تا 8 فٹ لمبی ہوتی ہے۔ تھائی لینڈ کا قومی جانور ہاتھی ہے اور سب سے زیادہ سفید ہاتھی یہیں پائے جاتے ہیں، اس لیے تھائی لینڈ کو ’’سفید ہاتھیوں کی سرزمین‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ ہاتھی کو پسینہ نہیں آتا۔ یہ اپنی سونڈ سے 300 سے 500 کلو گرام وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دودھ دینے والے جانوروں میں سب سے کم دودھ دینے والا جانور ہاتھی ہے۔ اسے سدھاکر جنگلات اور پہاڑی علاقوں میں بڑے بڑے درخت گرانے کا کام لیا جاتا ہے۔ ہاتھی اکثر گھنے جنگلات میں پائے جاتے ہیں۔ یہ 3 میل دور سے پانی کی بو کو سُونگھ لیتا ہے۔ جانوروں میں ہاتھی کا دماغ سب سے بڑا ہوتا ہے۔ آج کل ہاتھی سرکس میں کرتب دکھانے کے لیے یا چڑیا گھروں میں نمائش کے لیے رکھا جاتا ہے۔ لوگ تفریح کی غرض سے ہاتھی کی سواری کرتے ہیں۔ ہاتھی چلانے والے کو ’’فیل بان‘‘ کہا جاتا ہے۔ ہاتھی دن بھر میں صرف 2 گھنٹے سوتا ہے۔ کینیا کے ہاتھی کے دانت دنیا میں سب سے بڑے ہوتے ہیں۔ ہاتھی کے دانت بہت قیمتی ہوتے ہیں، ان سے قیمتی چیزیں بنائی جاتی ہیں۔ ہاتھی کھڑے کھڑے بھی سوجاتا ہے۔ ہاتھی کی سونڈ میں قریباً ڈیڑھ گیلن پانی سما سکتا ہے۔ اس کی پسندیدہ غذا گنا ہے۔ یہ اپنے پیٹ میں پانی جمع کرلیتا ہے اور بوقتِ ضرورت نکال کر تمام جسم پر چھڑکتا ہے۔ ہاتھی ایسا جانور ہے، جو زندگی میں چھ مرتبہ دانت بدلتا ہے۔ ہاتھی پر کئی فلمیں بھی بنائی گئی ہیں۔ کہاوتوں میں بھی اس کا نام استعمال ہوا ہے۔ مثلاً: ہاتھی پھرا گاؤں گاؤں، جس کا ہاتھی اس کا گاؤں۔۔۔آتی ہے ہاتھی کے پاؤں، جاتی ہے چیونٹی کے پاؤں۔۔۔ ہاتھی کا بوجھ ہاتھی اُٹھائے۔۔۔ ہاتھی کی ٹکر ہاتھی ہی سنبھالے۔۔۔ اور ہاتھی نکل گیا، دُم رہ گئی۔ وغیرہ۔
nn