نوشہرہ (خبرایجنسیاں) امام کعبہ شیخ صالح بن ابراہیم نے کہا ہے کہ تمام مسلمان جسد واحد ہیں‘فروعی اخلافات میں نہ پڑیں‘ امت میں انتشار پیدا نہیں کرنا چاہیے۔ان کے بقول اسلام امن و محبت کا دین ہے اور فلاح کا راستہ قرآن پاک اور اسوہ رسول اﷲ ؐ کی پیروی میں ہے‘ علمائے کرام امت میں اتحاد کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ اﷲ تعالیٰ کا دین غالب ہے۔ امام کعبہنے ان خیالات کا اظہار نوشہرہ میں جمعیت علماء اسلام ( ف) کے صد سالہ اجتماع میں
خطبہ جمعہ میں کیا ۔ شیخ صالح بن ابراہیم کا کہنا تھا کہ تمام مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں ، جو لوگ تقویٰ چھوڑ کر فرقہ واریت پھیلاتے ہیں وہ کبھی فلاح نہیں پا سکتے ۔قبل ازیں سعودی وزیر مذہبی امور شیخ صالح بن عبدالعزیز نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو دشمن سامنے آئے گا سعودی فوجی اتحاد اس کا مقابلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب بھائیوں کی طرح ہیں، پاکستانی قوم ایمان کے اعلیٰ درجے پر فائز اور اس سرزمین پر حرمین الشریفین سے محبت لازوال ہے، ان کا کہنا تھا کہسعودی عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں، کسی مرحلے پر پاکستان کو تنہا چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا۔علاوہ ازیں پارٹی کے امیرمولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ قومی خودمختاری کے منافی تمام معاہدے ختم کیے جائے اور غیر ملکی ایجنڈے پر کام کرنے والی این جی اوز پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ غیر ملکی ثقافت یلغار روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو سنگین مسائل کا سامنا ہے اور ان مسائل سے چھٹکارا پانے کے لیے ہمارے پاس اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کے سوا کوئی راستہ نہیں‘ ملک سے سود کا نظام مکمل طور پر ختم کیا جائے اور ذاتی مفادات کے حصول کے لیے اقتدار پر قابض لوگوں کو نشانہ عبرت جبکہ کرپشن اور اس میں ملوث لوگوں کے خلاف عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔