علما فروعی اختلافات ختم کرکے قدر مشترک کا فلسفہ اپنائیں‘ لیاقت بلوچ

100

لاہور (نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہور اور وہاڑی میں ورکرز کنونشن اور تقریب ختم بخاری شریف سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ علما کرام امت کو فروعی مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لیے اتحاد امت ، درد مشترک اور قدر مشترک کے فلسفے کو اپنی جدوجہد کی بنیاد بنائیں، جمعیت علما اسلام کا یوم تاسیس پر صد سالہ عالمی اجتماع پاکستان میں غلبہ دین ، مدارس کی عظمت و اہمیت اور دینی قوتوں کے اتحاد کے لیے سنگ میل اور پیش خیمہ بنے گا ۔ مساجد ، مدارس ، منبر و محراب ،
درگاہ و خانقاہیں اور امام بارگاہیں محبان اسلام کی عقیدت کے مرکز ہیں ۔ علمائے دیو بند کی دینی خدمات کی سنہری اور قابل فخر تاریخ ہے ۔ امام کعبہ کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ اسلام عدل و انصاف ، محبت و برداشت اور انسانیت کے احترام کا پیغام ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ اسلامی تعلیمات کے تحفظ ، ترویج اور دفاع کے لیے مدارس دینیہ کا کردار ہر دو ر میں رہاہے ۔ یہ دینی مدارس کی تعلیم کا ہی ثمر ہے کہ آج دنیا میں ایک ارب سے زائد انسان اسلام کو اپنا ضابطہ حیات تسلیم کرتے ہیں ۔ علما کرام امت کو فروعی مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لیے اتحاد امت ، درد مشترک اور قدر مشترک کے فلسفے کو اپنی جدوجہد کی بنیاد بنائیں ۔ محبان اسلام چاہتے ہیں کہ اسلامی تہذیب ،نظریہ ، دینی اقدار اور نئی نسل کی حفاظت کے لیے علما ، مدرسین ، دینی قیادت انقلابی کردار ادا کرے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ کا اعلان بروقت کیاہے۔ ان کی کپتانی عہد ساز اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے ۔