ن لیگ کی حکومت عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کرنے اور ان کے مسائل کو کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے،وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان

85

راولپنڈی (آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کرنے اور ان کے مسائل کو کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے، مخالفین کی تنقید اور سخت مخالفت کے باوجود موجودہ حکومت نے قومی امور پر تاریخ ساز فیصلے کیے،حکومت نے ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالا،پچھلی حکومت میں ہر روز ایک نیا اسکینڈل سامنے آتا تھا اور روزانہ دہشت گردی کے واقعات رونما ہوتے لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگتی ،ہم ملک کی
ناؤ کو کنارے پرلگا کر دم لیں گے اور ملک کو مضبو ط بنا کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار راولپنڈی میں قبضہ گروپوں سے واگزار کرائے گئے سرکاری رقبے پررہائشی اسکیم ” چکلالہ ویلفیئر سٹی” کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،چودھری نثار نے کہا کہ حکومت کرنا آسان نہیں،ہم نے عوام سے کیے وعدے پورے کردیے، عوام کی فلاح و بہبودکے لیے کھربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے اور جاری ہیں، میں نے اپنے دونوں حلقوں میں ترقیاتی کاموں میں 15 ارب روپے ٖفی حلقہ خرچ کیے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسے حالات پیدا ہو چکے ہیں کہ یہاں اچھے کام کرنے میں بہت سی رکاوٹیں ہیں جب کہ برے کام سفارش اور رشوت دے کر فوراً ہوجاتے ہیں،ہم عوام کے تعاون سے ملک کی تقدیر بدلیں گے ۔