کراچی آپریشن کاکریڈٹ ساری جماعتوں کو جاتاہے‘سعد رفیق

80

گجرات(آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کا کریڈٹ منتخب حکومت، منتخب پارلیمان، افواج پاکستان، رینجرز، قانون نافذ کرنے والے
اداروں اور سول اداروں کو مشترکہ طور پر جا تا ہے۔ جہاں تک جنرل راحیل شریف کا تعلق ہے وہ بلاشبہ بڑی محنت، دیانتداری، جانفشانی کے ساتھ افواج پاکستان کو قیادت فراہم کی، دہشت گردی کے خلاف ان کا بہت بڑا رول ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر قمر زمان کائرہ کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قمر زمان کائرہ کی بیٹی کی شادی میں شرکت کے لیے آنا یہی جمہوریت اور سیاست کا حسن ہے،لیکن یہ بات بے چارے عمران خان کی سمجھ میں نہیں آسکتی کیونکہ سیاست ا ن کا سبجیکٹ نہیں ہے، جو سیاستدان ہوتا ہے وہ اختلاف بھی کرے گا ایشو پر اتفاق کرے گا، وہ قبائلی دشمنی پیدا نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اہلکار بھی نا مساعد حالات میں کام کر رہے ہیں، ضرب عضب کو بھی پوری قوم کی حمایت تھی، کوئی بھی ریاست فوج کے بغیر مکمل نہیں ہوتی، فوج بھی حکومت کاحصہ ہوتی ہے، عمران خان کی جنرل باجوہ سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک بڑی جماعت کے سربراہ ہیں ان کی پاک فوج کے سربراہ سے ہونے والی ملاقات پر کوئی چہ میگوئیاں کرنے کی ضرورت نہیں۔ مردم شماری کی ٹیم پر حملے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حملوں سے ہمارا عزم پست نہیں ہو گا بلکہ ہمارا عزم بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کے فیصلے کا مجھے بھی انتظار ہے۔