کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ کراچی میں خواجہ اجمیر نگری پولیس نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے نجی اسکول کی سالانہ امتحانی نتائج کی تقریب میں سڑک پرشامیانہ لگانے پر اساتذہ کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا ،جس کے بعد طلبہ اور ان کے والدین امتحانی نتائج کے بغیر ہی گھروں کو روانہ ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کے علاقے میں نجی اسکول کی سالانہ امتحانی نتائج کی تقریب کے لیے اسکول انتظامیہ نے یوسی چیئرمین سے اجازت لے کر خواجہ اجمیر نگری تھانے میں جمع کرادی تھی تاہم جمعہ کو تقریب کے دوران پولیس نے اسکول پر دھاوا بول دیا اور اساتذہ کو شامیانہ لگانے کے الزام میں لاک اپ کردیا ۔ذرائع کے مطابق اے کیو گرامر اسکول کے اساتذہ کو علاقہ ایس ڈی ایم کی ہدایت پر حراست میں لیا گیا ہے اور وہ خود بھی موقع پر موجود تھے۔ پولیس کی کارروائی کے بعد امتحانی نتائج کی تقریب درہم برہم ہوگئی اور طلبہ اپنے نتیجے کے بغیر ہی گھروں کو روانہ ہوگئے ۔