اسلام آباد (اے پی پی) قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف اسلامی فوجی اتحاد کا چارج سنبھال لیں گے تو ایرانی تحفظات دور کر دیے جائیں گے۔ لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام ایران سے بہت محبت رکھتے ہیں اور راحیل شریف ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے جو ایرانی مفادات کے خلاف ہو‘ان کی نامزدگی کو فرقہ واریت کے
ساتھ نہیں جوڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کویاد رکھنا چاہیے کہ وہ پاکستان کی قربانیوں کی وجہ سے سپرپاوربنا ہے‘ہم نے کبھی کسی کے ساتھ ڈبل گیم نہیں کھیلی بلکہ ہمیشہ امن اور سلامتی کی بات کی ہے‘ دنیا میں قیام امن کے لیے صف اول کے ملک کے طور پر کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین اور روس سے اتحاد نے پاکستان کا مستقبل روشن کردیا ہے ‘ پاکستان دنیابھر میں تجارتی سرگرمیوں کا حب بننے جارہا ہے‘بھارت کو بھی سی پیک میں شامل ہونے کی پیشکش کی ہے۔ ناصرجنجوعہ کا کہنا تھا کہ افغانستان نے سرحدپر بائیومیٹرک سسٹم تباہ کردیا‘ اسے جان لینا چاہیے کہ اس کی سلامتی ہمارے ساتھ جڑی ہے۔مشیر قومی سلامتی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں شدت پسندی افغان وار کی وجہ سے شروع ہوئی‘ اگر پاکستان طالبان کے ساتھ ہے تو پاکستانی طالبان ہمارے خلاف کیوں لڑ رہے ہیں؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں تجارتی اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے موثر انداز میں کام کیا جا رہا ہے تاکہ وہاں پر شہریوں کو قومی دھارے میں لایا جا سکے۔