اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی نے ”انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ترمیمی)بل ”2017ترامیم کیساتھ منظورکر لیا،بل کے تحت انڈس ریور کمیشن کی سالانہ رپورٹس حکومت کیساتھ ساتھ پارلیمنٹ میں بھی پیش کی جائیں گی ۔ چیئرمین واپڈ ا لیفٹیننٹ جنرل (ر)مزمل حسین نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان میں پن بجلی پیدا کر نے کی صلاحیت1 لاکھ میگاواٹ تک ہے مگر شرمناک بات یہ ہے کہ ہم اس وقت صرف 7ہزار میگا واٹ بجلی ہائیڈل سے پیدا کر رہے ہیں، بھاشاپن بجلی منصوبے پر ایشیائی ترقیاتی بینک نے10 سال لٹکائے رکھا ہم نے اب فیصلہ کیا کہ بھاشا ڈیم خود بنائیں گے۔ ایڈیشنل سیکر ٹری وزارت پانی و بجلی عمر رسول نے رمضان میں کم لوڈ شیڈنگ کرنے کی نوید سناتے
ہوئے کہا کہ رمضان کے مہینے میں 1300میگاوٹ اضافی بجلی سسٹم میں لائیں گے ،رمضان میں گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کیلیے صنعتی سیکٹر کی بجلی جزوی طور پر بند کی جائے گی اورصارفین کو ایک گھنٹہ فالتو بجلی دیں گے۔جمعہ کو کمیٹی کا اجلاس چیئر مین ارشدخان لغاری کی زیرصدارت وزارت پانی و بجلی میں ہوا۔ملک میں حالیہ لوڈ شیڈنگ کی لہر پر بریفنگ دیتے ہوئے وزارت پانی وبجلی کے ایڈیشنل سیکر ٹری اور ایم ڈی پیپکو عمر رسول نے اعتراف کیا کہ رواں ماہ لوڈ شیڈنگ میں کمی ممکن نہیں ہے۔ جون تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ شیڈول کے مطابق جاری رہے گی۔