پاناما کیس کا فیصلہ آئندہ ہفتے بھی آنے کا امکان نہیں

75

اسلام آباد (آن لائن ) عدالت عظمیٰ میں پاناما کیس کا محفوظ فیصلہ آئندہ ہفتے بھی سنائے جانے کا امکان نہیں ہے۔ عدالت عظمیٰ میں آئندہ ہفتے 5رکنی لارجر بنچ سمیت 6 بنچ مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے جبکہ لارجر بنچ اورنج لائن ٹرین منصوبے سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق پہلا بنچ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی، دوسرا بنچ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا ہے جبکہ لاہور میٹرو ٹرین منصوبے سے متعلق کیس
کی سماعت کے لیے تشکیل دیا گیا 5رکنی لارجر بنچ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں کیس کی سماعت کرے گا۔ چوتھا بنچ جسٹس اعجاز افضل اور پانچواں بنچ جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاناما لیکس کا محفوظ فیصلہ سنانے کے لیے تاحال کوئی بنچ تشکیل نہیں دیا گیا ہے البتہ کیس کی سماعت کرنے والے بنچ کے رکن جسٹس گلزار احمد مذکورہ کسی بنچ میں شامل نہیں ہیں۔