گورنرمحمدزبیرسے ڈی جی آڈٹ احمدخان سومروکی ملاقات

39

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر سے ڈائریکٹر جنرل آڈٹ سندھ احمد خان سومرو نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں ڈی جی سندھ آڈٹ نے گورنر سندھ کو ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے ادارے کی مجموعی کارکردگی سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا ۔بریفنگ میں ڈی جی آڈٹ سندھ نے بتایا کہ عوامی فلاحی بہبود کے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کو یقینی بنایا جار ہا ہے ، اداروں میں فنڈ ز کی جانچ پڑتال اوراسکروٹنی سمیت دیگر اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوام کی سہولیات کے لیے بنائے جاتے ہیں ، ترقیاتی منصوبوں میں خریداری اور روز مرہ کے معاملات میں شفافیت یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے،(باقی صفحہ 9 نمبر 25)
یہ بات خوش آئند ہے کہ نگرانی کے اداروں بشمول آڈٹ سندھ کے فعال کردار سے کرپشن ، بدانتظامی اور غیر قانونی چیزوں میں کمی واقع ہو رہی ہے لیکن ہمیں اس ضمن میں مزید اقدامات کرناہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اداروں میں فنڈز کے آڈٹ سے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد ، بد انتظامی اور کرپشن پر کنٹرول میں کافی مدد ملتی ہے، اس کے ذریعہ قومی وسائل کے درست سمت میں استعمال کے ساتھ ساتھ بے جا اخراجات اور انہیں ضائع ہونے سے بچا یاجا سکتا ہے،اس عمل سے قوم کی امانت کی نگرانی مؤثرثابت ہو رہی ہے ۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل آڈٹ سندھ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارہ کی کارکردگی کو بھی سراہا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے تمام اداروں کو اسی وژن کے ساتھ کام کرنا چاہیے تاکہ عوام کی توقعات پر پورا اترا جا سکے ۔
گورنر ملاقات