امریکی کمپنیوں کیلیے پاکستان پرکشش مارکیٹ بنتاجارہاہے‘ڈیوڈہیل

45

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا ہے کہ امریکی کمپنیوں کے لیے پاکستان پرکشش مارکیٹ بنتا جا رہا ہے‘ مثبت تبدیلیاں پاکستانی اقتصادی ترقی کی بنیاد ہیں‘ اسلام آباد اور واشنگٹن دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے جمعے کو 2 روزہ ’’لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ‘‘ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا مل کر اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کرنے، دو طرفہ تجارت بڑھانے، سرمایہ کاری کے لیے ماحول کی بہتری، حقوق ملکیت دانش کے تحفظ اور انٹر پرینیور شپ کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ڈیوڈ ہیل نے پاک امریکا اقتصادی تعلقات میں پیش رفت کے حوالے سے کہا کہ امریکی
کمپنیوں کی پاکستان میں موجودگی میں اضافہ ہو رہا ہے‘ ہماری مینو فیکچررز اور انفرااسٹرکچر کمپنیوں کے لیے پاکستان ایک پرکشش مارکیٹ بنتا جا رہا ہے‘ امریکا کے پاکستان کے ساتھ رشتے عوام، بزنس، تجارت اور ایکسچینج پروگرام سمیت دیگر بنیادوں پر استوار ہیں۔ بزنس سمٹ میں پاکستان، چین، بحرین، کینیڈا، قطر، یو اے ای اور امریکا سے600 سے زائد وفد شرکت کر رہے ہیں۔