عدالت عظمیٰ: جعلی پیروں پر پابندی کے لیے درخواست دائر

53

اسلام آباد (صباح نیوز)ملک بھرمیں جعلی پیروں، عاملوں اور کالے جادو سے روحانی علاج کرنے والوں پر پابندی کے لیے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست میں وفاقی و صوبائی حکومتوں، پریس کونسل آف پاکستان اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار چیئرمین انصاف ویلفیئر ٹرسٹ محمد اسلم خاکی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ حکومت دیگر شعبوں کی طرح اس شعبے کو بھی قواعد کا پابند بنانے کی ذمے دار ہے اس لیے حکومتی سطح پر قانون سازی کرکے اس شعبے کو بھی پابند بنایا جائے
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں روحانی علاج کے نام پر سادہ لوح افراد کا جانی و مالی نقصان ہورہا ہے۔ پیشہ ورانہ شعبوں کی طرح اس شعبے کو بھی قواعد و ضوابط کا پابند ہونا چاہیے۔ عدالت پرنٹ میڈیا کو جعلی پیروں کے اشتہارات شائع نہ کرنے کا پابند کرے اور پیمرا کو ہدایت کی جائے کہ الیکٹرونک میڈیا کو ایسے جعلی پیروں کے حوالے سے پروگرامات یا مواد نشر کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔