مردم شماری سے متعلق درخواستوں پر ایڈووکیٹ جنرل سے جواب طلب

99

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے مردم شماری کے موجودہ طر یقہ کار کے خلاف دائر کردہ آئینی درخواستوں پر ایڈووکیٹ جنرل کو صوبائی حکومت سے ہدایت لیکر آگاہ کرنے کی
ہدایت کردی۔ فاضل عدالت نے آئینی درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر 18اپریل تک دلائل دینے کا بھی حکم دیا ہے۔ جسٹس منیب اختر کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے مردم شماری کے موجودہ طر یقہ کار کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمیٹرین کے سیکرٹری جنرل و سینیٹر فرحت اللہ بابر، سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو اور محمد اسحاق کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے جواب داخل کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ وفاقی وزیر خزانہ نے وزیر اعلیٰ سندھ کے خط کے جواب میں کمیٹی بنانے کی تجویز دی ہے اور تنازعات کے حل کے لیے کمیٹی بنانے کی تجویز پر سندھ حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا ہے جبکہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے اور اگر درخواست گزار کو کوئی شکایت ہے تو وہ عدالت عظمیٰ سے رجوع کرے۔