پاکستانیوں کی طرح تمام افغانی شہری بھی عزیز ہیں‘آرمی چیف

58

راولپنڈی/لند ن ( آئی این پی ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاکستانیوں کی طرح تمام افغانی شہری بھی عزیز ہیں، دہشت گردی کا نشانہ بننے والے افغان شہریوں کا بھی اتنا ہی دکھ ہوتا ہے جتنا پاکستانیوں کا، دہشت گردی نے دونوں ملکوں متاثر کیا ، الزام تراشی کے بجائے دونوں
ملکوں کو مل کر دہشت گردی کے خلاف کام کرنا چاہیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وہ لندن میں افغان دفاعی اتاشی سے گفتگو کر رہے تھے ۔ گزشتہ روز افغانستان کے 13 رکنی صحافیوں کے وفد نے راولپنڈی میں آئی ایس پی آر کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے ترجمان نے افغان وفد کو پاک افغان سرحد پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کا مقصد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں سے آگاہی حاصل کرنا ہے ۔ وفد کو آرمی چیف کی برطانیہ میں افغان دفاعی اتاشی سے ملاقات کی تفصیل بھی بتائی گئی۔ افغان صحافیوں کے وفد نے وزارت خارجہ ، ایچ ای سی تجارت ، سرحدی امور کی وزارت اور ایف سی ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا ۔