بھارت ،بنگلادیشن ایٹمی توانائی سمیت 5 ارب ڈالرز کے 22 معاہدے

48

نئی د ہلی(مانیٹر نگ ڈ یسک+خبر ایجنسیاں) بھارت نے بنگلادیش کو اپنی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان 22 معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔ بھارتی میڈیاکے مطابق ان دنوں بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد4روزہ سرکاری دورے پر نئی دلی میں موجود ہیں،جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کی،جس میں دونوں ممالک کے درمیان ایٹمی توانائی،دفاع، تعلیم سمیت 22 معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔معاہدے کے تحت بھارت دفاعی شعبے میں تعاون کے لیے بنگلادیش کو 50 کروڑ ڈالر اور دیگر شعبہ جات کے لیے آسان شرائط پر4.5 ارب ڈالر فراہم کرے گا جو بھارت کی جانب سے کسی بھی ملک کو دیا جانے والا تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ ہے۔ملاقات کے بعد مشترکہ پریس بریفنگ کے دوران بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت ہمیشہ بنگلادیش اور اس کے عوام کی خوشحالی کے لیے کھڑا رہے گا ،بنگلادیش ہمارا بااعتماد اور طویل شراکت دار ہے جب کہ نئی دلی کی جانب سے گزشتہ 6 برس کے دوران ڈھاکا کی ترقی کے لیے 8 ارب ڈالر مختص کیے گئے۔اس
موقع پر بنگلا دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پر عزم ہیں اور ہمارے دوستانہ و تعاون پر مبنی تعلقات سے پورا جنوبی ایشیا مستفید ہوگا۔ واضح ر ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کئی برس سے جاری دریائے تیستا کے پانی کے تنازع پر کوئی سمجھوتا نہ ہوسکا البتہ بھارتی وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ اس مسئلے کا بھی جلد حل نکال لیا جائے گا ۔علاو ہ ازیں1971ء کی جنگ میں بنگلا دیش کے مارے جانے والے افراد کی یاد میں منعقدہ تقریب کے موقع پروزیراعظم نریند رمودی نے بنگلا دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے پاکستان کا نام لیے بغیر کہاکہ ایک ملک دہشت گردی پھیلا اور اس کی حوصلہ افزائی کررہا ہے ،جنوبی ایشیا میں ایک ہی نظریہ ہے جو دہشت گردی کو پھیلاتا اور اس کی حوصلہ افزائی کرتا ہے،ایسانظریہ جس کی ترجیح انسانیت نہیں بلکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی ہے ۔ مودی نے کہاکہ بھارت نے ہمیشہ چاہا ہے کہ اس کے پڑوسی خود کے ساتھ ترقی کریں لیکن خطے میں بعض عناصر ترقی کے بجائے تباہی کو فروغ دے رہے ہیں۔بھارتی وزیراعظم نے کہاکہ ہم دیگر ممالک کو بھارت کے ساتھ ترقی کی راہ پر آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں،اکیلے بھارت کی ترقی نامکمل ہے اور ہم یہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ ہم خطے میں تنہا آگے بڑھ کر کامیاب ہوسکتے ہیں، ہم اپنے پڑوسیوں کے ساتھ امن ،خوشحالی اور ترقی چاہتے ہیں ۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں مودی نے کہا کہ ہم شیخ حسینہ واجد کے دہشت گردی سے نمٹنے کے عزم سے متاثر ہیں اور ان کی زیرو ٹالیرنس پالیسی ہمیں بہت متاثر کرتی ہے۔