صادق آباد سے فیصل آباد جانے والی مسافر بس نے ایک ہی خاندان کے 5 موٹرسائیکل سوار کچل ڈالے۔ ماں باپ 3 بچوں سمیت جاں بحق، ڈرائیور فرار، پولیس نے بس تحویل میں لے لی

80

رحیم یار خان (نمائندہ جسارت) صادق آباد سے فیصل آباد جانے والی مسافر بس نے ایک ہی خاندان کے 5 موٹرسائیکل سوار کچل ڈالے۔ ماں باپ 3 بچوں سمیت جاں بحق، ڈرائیور فرار، پولیس نے بس تحویل میں لے لی۔ ایک ہی خاندان کے5 افراد کی ہلاکت کے باعث خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی۔ واقع سے علاقے کی فضا سوگ میں ڈوب گئی، نزدیکی مارکیٹیں بند رہیں، نماز جنازہ میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت۔ آہوں اور سسکیوں میں خاندان کے 5 افراد کو آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ محلہ غوثیہ مسلم بازار کا رہائشی 32 سالہ محمد وسیم اپنی اہلیہ 30سالہ فوزیہ بی بی، 7سالہ بیٹے عبدالوہاب، 5سالہ بیٹی تحریم اور ڈھائی سالہ بیٹے ابوہریرہ کے ہمراہ اپنی موٹرسائیکل پر قریبی رشتہ داروں سے ملنے کے بعد چک78پی سے واپس اپنے گھر جارہا تھا کہ خان پور روڈ گلشن اقبال کے نزدیک صادق آباد سے فیصل آباد جانے والی مسافر بس نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار ایک ہی خاندان کے 5 افراد محمد وسیم، فوزیہ بی بی، عبدالوہاب اور تحریم زخموں کی تاب نہ لاتے موقع پرہی دم توڑگئے، ڈھائی سالہ ابوہریرہ کو نازک حالت میں شیخ زاید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں چند گھنٹے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلارہنے والا ڈھائی سالہ ابوہریرہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔ ورثا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ حادثے کے ذمے دار فرارہونے والے بس ڈرائیور کو جلد از جلد گرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے۔ تھانہ صدر پولیس نے فرارہونے والے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔