محمد حفیظ اورشعیب ملک نے ون ڈے میں نئے ریکارڈ بنالیے

128

گیانا(جسارت نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز شعیب ملک ون ڈے میں اعجاز احمد کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پاکستان کی جانب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں 8 ویں نمبر پر آگئے ، شعیب ملک نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 53 رنز کی اننگز کھیلی اور اعجاز احمد کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا، وہ اب تک 245 میچوں میں 6601 رنز سکور کر چکے ہیں جس میں 8 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں شامل ہیں، پاکستان کی جانب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز انضمام الحق کو حاصل ہے، انہوں نے 375 ون ڈے کھیل کر 11701 رنز بنائے۔دوسری طرف پاکستانی ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ون ڈے کرکٹ میں سابق جنوبی افریقن بلے باز ہنسی کرونیے اور بھارت کے سریش رائنا کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا، حفیظ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں 88 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر یہ کارنامہ انجام دیا، اسطرح حفیظ زیادہ رنز بنانے والے دنیا کے 59ویں بلے باز بن گئے ۔ ہنسی کرونیے نے 5565 اور رائنا نے 5568 رنز بنا رکھے تھے جبکہ حفیظ نے 183 میچز میں 11 سنچریوں کی مدد سے 5615 رنز بنا رکھے ہیں۔