نائن زیرو میں دہشت گردوں کو پناہ دینے کا مقدمہ، سماعت 2 مئی کو ہوگی

50

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقدمے میں ملوث مفرور ملزمان متحدہ کے عمران اعجاز نیازی ، رئیس مما، شہزاد ملا اور نعیم ملا کے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 2مئی تک ملتوی کردی ہے۔ہفتے کے روز انسداددہشت گردی کی عدالت میں نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ‘سماعت کے دوان مقدمہ میں نامز د ایم کیو ایم رہنما عامر خان عدالت میں پیش ہوئے تاہم تفتیشی افسر پیش نہ ہوسکا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مفرور ملزمان عمران اعجاز نیازی ، رئیس مما، شہزاد ملا اور نعیم ملا کے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری جاری کردیے‘ عدالت نے کیس کی سماعت 2مئی تک ملتوی کردی ہے۔واضح رہے کہ تفتیشی افسر کی جانب سے مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی سے متعلق رپورٹ پیش کی جانی تھی ‘متحدہ کے رہنما عامر خان و دیگر کے خلاف نائن زیرو میں دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق مقدمہ درج ہے۔