نارتھ کراچی میں پانی کی عدم فراہمی کا نوٹس لیا جائے، پبلک ایڈکمیٹی

47

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی طارق مجتبیٰ اور صدر پبلک ایڈ کمیٹی نارتھ کراچی عمران بیگ نے سیکٹر 7D1، 7D2، 7D3 اور 7D4 میں عرصہ دراز سے پانی کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہائشی آبادی کو پانی جیسی بنیادی نعمت سے محروم رکھنا شرمناک عمل ہے۔ اہل علاقہ واٹر بورڈ کے واجبات اداکرنے کے باوجود ٹینکر مافیا کے رحم وکرم پر زندگی گزار رہے ہیں اور مجبوراً مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔ پینے کے پانی کی ٹینکر مافیا کے ذریعے تجارت کی جا رہی ہے اور اس میں واٹر بورڈ انتظامیہ پوری طرح ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کبھی سپلائی کا پانی آتا بھی ہے تو اس میں بدبو آ رہی ہوتی ہے، سیوریج کا پانی واٹر بورڈ کی لائن میں شامل ہو جاتا ہے۔ طارق مجتبیٰ اور عمران بیگ نے وزیر بلدیات اور مینجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکٹر 7D1، 7D2، 7D3 اور 7D4 میں پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔