اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس12اپریل کو طلب کرلیا،اجلاس میں نئی حج پالیسی سمیت متعدد منصوبوں کی منظوری دی جائے گی جبکہ نئی گیس اسکیموں پر پابندی ختم کیے جانے کا بھی امکان ہے۔ معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے ملک میں تعمیر وترقی کے لیے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نہ صرف نئی حج پالیسی کی منظوری دی جائے گی بلکہ سرکاری ملازمین اور عارضی ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے جائیں گے جبکہ3بڑے ڈیموں کا انتظام نجی شعبے کے حوالے کرنے پر غور وخوض سمیت نئی گیس اسکیموں پر پابندی ختم کیے جانے کا بھی امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کابینہ کو متوسط طبقے کے لیے نئی ایکشن اسکیموں پر بریفنگ بھی دی جائے گی،اس کے علاوہ بھی وفاقی کابینہ کی جانب سے اہم اسکیموں کی منظوری اور فیصلے متوقع ہیں۔