کراچی، صومالیہ کے قونصل خانے میں ڈکیتی کی واردات

61

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں قائم صومالیہ کے قونصل خانے میں ملزمان نے ڈکیتی کی واردات کی جس کے دوران قیمتی سامان اور
سی سی ٹی وی ریکارڈ چراکر لے گئے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات قونصل خانے کے بجائے ایک نجی دوا ساز ادارے کے دفتر میں ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں صومالیہ کے قونصل خانے میں رات گئے ڈکیتی کی واردات ہوئی، 6 سے 7ملزمان رات 3 بجے قونصل خانے میں داخل ہوئے اور3 گھنٹے موجود رہے جبکہ ملزمان لیپ ٹاپ ، موبائل فون اور دیگرقیمتی سامان لے گئے۔ قونصلر صومالیہ کا کہنا ہے کہ قونصلیٹ میں مسلح ملزمان نے عملے کو یرغمال بناکر واردات کی ۔چیف پروٹوکول افسرامداد شاہ نے کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی واردات کے مقدمے کے لیے درخواست جمع کروادی گئی ہے ،فارنزک ٹیم نے جائے وقوع سے فنگر پرنٹس اور دیگر شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔ دوسری طرف آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے صومالیہ کے قونصل خانے میں ڈکیتی کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ڈی آئی جی ساؤتھ سے واقعے کی تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ فوری طلب کرلی۔ ادھر ترجمان سندھ پولیس نے کہا ہے کہ کلفٹن میں قائم صومالیہ کے قونصل خانے میں کوئی ڈکیتی نہیں ہوئی ۔ ڈکیتی فارماسوٹیکل کمپنی کے ایک آفس میں ہوئی ہے۔ جس کے مالک کا بیٹا صومالیہ کا قونصل جنرل ہے۔