کوٹری (نمائندہ جسارت) کوٹری کے بعض جنرل اسٹوروں پر بعد ازمعیاد اشیا خورونوش دھڑلے سے فروخت ہورہی ہیں، محکمہ خوراک تمام تر صورتحال سے واقف ہونے کے باوجود ابتک متحرک نہیں ہوسکا، جبکہ شہر کی اکثر دکانو ں پر کیمیکل زدہ دودھ کی فروخت بھی جاری ہے۔ صورتحال اس قدرگھمبیر ہے کہ ملاوٹ سے پاک اشیا خورو نوش کا حصول ایک دیوانے کا خواب لگتا ہے۔ بعد از مدت معیاد کی شہر میں فروخت ہونے والی اشیا خورونوش کا زیادہ تر استعمال بچے کررہے ہیں، جن میں بسکٹ، پاپڑ، کریم، جوس کے ڈبے شامل ہیں جبکہ پیکنگ شدہ مائع دودھ بھی اکثر وبیشتر مدت خارج مل رہاہے جس کے استعمال سے صحت عامہ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ محکمہ خوراک کو صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے زائد المیعاد اشیا فروخت کنندگان کے خلاف کارروائی کی جائے، کیمیکل زدہ دودھ فروخت کرنے والوں کو سزائیں دی جائیں۔ دوسری جانب سروے کے دوران یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ شہر کے ہومیوپیتھک اسٹوروں پر دستیاب ادویات کی اصل قیمتوں کو اپنی خود ساختہ قیمت کی پرچی لگاکر سادہ لوح افراد کو خوب لوٹا جا رہاہے جبکہ دو نمبر اشیا ایک نمبر کہہ کر مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں ۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ زائد المیعاد اشیا کی فروخت کو روکنے کے لیے فوری طورپر ہنگامی نوعیت کے اقدامات کیے جائیں تاکہ صحت عامہ کو لاحق خطرات سے بچایا جاسکے ۔