***۔۔۔۔۔۔ رحیم یار خان ۔۔۔۔۔۔***

94

رحیم یار خان (نمائندہ جسارت) تنخواہوں کی چلت نہ ہونے کی رنجش پر میونسپل افسر (ریگولیشن) کو چھترول کا نشانہ بنا دیا‘ دفتر میں توڑ پھوڑ‘ بلدیہ حکام نے توڑے جانے والے دفترکے شیشے اکٹھے کرکے فوری نیا شیشہ لگوا لیا‘ سرکاری افسر کو کار سرکار میں مداخلت کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے والے کلرک کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہ آسکی‘ شہریوں کا کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنررحیم یارخان سے غنڈہ گردی کرنے والے کلرک کونوکری سے برخاست اورقانونی کارروائی کرنے کامطالبہ۔* گیس لیکج کے باعث چولہا دھماکے سے پھٹ گیا بھڑکنے والی آگ کی زد میں آکر ماں بیٹی اور7سالہ بچہ جھلس کر شدید زخمی چند گھنٹے زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کے بعد 7سالہ کمسن بچہ دم توڑگیا جھلس جانے والی دونوں خواتین کی حالت بدستور تشویشناک۔ بستی دھپ سڑی جیٹھہ بھٹہ کی رہائشی 35سالہ عذر ا بی بی نے گھر کے کچن میں سالن بنانے کے لیے چولہا جلایا تو گیس کی لیکج کے باعث چولہا زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 35 سالہ عذرا بی بی، بیٹی 16سالہ مریم بی بی جبکہ 7سالہ احمد بھڑکنے والی آگ کی لپیٹ میں آکر جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے رحیم یارخان اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 7سالہ احمد چند گھنٹے زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کے بعد دم توڑگیا جبکہ جھلس کر شدید زخمی ہونے والی عذرا بی بی اور مریم بی بی کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ماں بیٹی کی حالت بھی انتہائی تشویشناک بیان کی جارہی ہے۔* نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت کیے جانے والے کریک ڈاؤن کے دو ران غیرقانونی طور پر رہائش پذیر مزید 4 افغان شہریوں کی عدالت نے ضمانت منظورکرلی رات گئے ڈسٹرکٹ جیل سے رہا کردیا گیا۔ گزشتہ روز سول جج فہد الرحمن نے نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت کیے جانے والے کریک ڈاؤن کے دوران غیرقانونی طور پر رہائش پذیر گرفتار 4 افغان شہریوں جن کے خلاف پولیس نے 14 فارنر ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے تھے کی الگ الگ سماعت کی سماعت کے دوران فاضل عدالت نے وکلا کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے 4 افغان شہریوں حمید اللہ، محمد اللہ، علی جان اور عمر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کر نے کے احکامات جاری کیے تھے جس پر عملدر آمد کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ جیل انتظامیہ نے رات گئے چاروں افغان شہریوں کو ڈسٹرکٹ جیل سے رہا کردیا واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے ضمانتیں منظور کیے جانے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل سے افغان شہریوں کی رہائی کاسلسلہ بدستور جاری ہے۔ * تیز رفتار موٹر سائیکل سوار کی سائیڈ لگنے سے 60 سالہ موٹرسائیکل سوار بے قابوہوکر سڑک پر جاگرا سر پر لگنے والی گہری ضرب کے باعث اسپتال میں جاں بحق۔ گزشتہ روز ائر پورٹ روڈ کار ہائشی 60 سالہ خیرمحمد اپنی موٹرسائیکل پر جارہا تھا کہ اسی دوران سامنے سے آنے والے تیز رفتار موٹرسائیکل کی سائیڈ لگنے سے 60 سالہ خیر محمد اپنا توازن برقرار نہ رکھ پایا اور سڑک پر جاگرا جس کے نتیجے میں 60سالہ خیر محمد کے سر پر گہری ضرب آئی جسے بیہوشی کی حالت میں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں60سالہ خیر محمد جانبر نہ ہوپایا اور دم توڑگیا۔ اسپتال انتظامیہ نے کارروائی کے بعد لاش تدفین کے لیے ورثا کے حوالے کردی۔* ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے منشیات کے 2 درج مقدمات کے 2 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 2 سال 6 ماہ قید اور 18 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنادی، جرمانہ کی عدم ادائیگی پر دونوں ملزمان کو مزید ساڑھے3,3ماہ قید بھگتناہوگی۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملک ساجد علی اعوان نے تھانہ سی ڈویژن کے درج مقدمہ نمبری34/17 اور تھانہ اے ڈویژن کے درج مقدمہ نمبری631/16 بجرم9-B کی الگ الگ سماعت کی سماعت کے دو ران دونوں ملزمان انتظار حسین اور اکمل حسین پر منشیات رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر فاضل عدالت نے دونوں ملزمان کو مجموعی طور پر 2سال6ماہ قید اور18 ہزارروپے جرمانہ کی سزاسنادی جرمانہ کی عدم ادائیگی پر دونوں ملزمان کو مزید ساڑھے 3,3ماہ قید بھگتناہوگی۔* روپوش ہوجانے والے فورتھ شیڈول میں شامل شخص کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ گزشتہ سے پیوستہ روز موضع گھنیر کار ہائشی فورتھ شیڈول میں شامل 30 سالہ محمد شعبان اچانک روپوش ہوگیا تھا، حساس ادارے کی نشاندہی پر پولیس نے گزشتہ روز روپوش ہوجانے والے فورتھ شیڈول میں شامل محمد شعبان کیخلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔ * 4 مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر لاکھوں روپے مالیت کا ٹریکٹر چھین لیا ڈاکو ٹریکٹر سمیت موقع سے فرار پولیس نے مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی۔ گزشتہ روز چک70 پی کے رہائشی ماجد حسین نے پولیس کو اپنی شکایت میں بیان کیا کہ گزشتہ سے پیوستہ شب اس کا ڈرائیور محمد شہباز ٹریکٹر ٹرالی پر گنا لوڈ کرکے شوگر مل کی طرف جا رہا تھا کہ اسی دوران 4 نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر ڈرائیور شہبا ز کو روک کر 7لاکھ روپے مالیت کا ٹریکٹر چھین لیا اور باآسانی ٹریکٹر سمیت موقع سے فرارہوگئے پولیس نے ٹریکٹر مالک ماجد حسین کی رپورٹ پر نامعلوم مسلح ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔* گھریلو ناچاقی پر 35سالہ خاتون نے زہر کھا کر خودکشی کرلی، اسپتال انتظامیہ نے کارروائی کے بعد لاش تدفین کے لیے ورثا کے حوالے کردی۔ گزشتہ روز بستی ماکن شاہ کی رہائشی 35 سالہ شکوراں بی بی کو اقدام خودکشی کرنے پر ورثا نے انتہائی تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔* اقدام قتل کے درج مقدمہ کے ملزمان کی گرفتار ی کے لیے پولیس کی جانب سے مار ے جانے والے چھاپے کے دور ان فرارہونے والے ملزمان کی جان سے مار دینے کے لیے فائرنگ شخص پیٹ میں گولی لگنے کے نتیجہ میں شدید زخمی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل۔ تھانہ کوٹسمابہ میں اقدام قتل کے درج مقدمہ کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے اے ایس آئی جام عبدالغفار کی قیادت میں پولیس نفری نے چک82این پی میں چھاپا مارکر ملزمان عبید الرحمن وناصر وغیرہ کو گرفتارکرنے کی کوشش کی تاہم اسی دوران ملزمان بھاگ کھڑے ہوئے اور تعاقب میں آنے والے پولیس اہلکار وں پر جان سے مار دینے کے لیے فائرنگ کی جس کی زد میں آکرراہگیر چک82این پی کار ہائشی صلاح الدین پیٹ میں فائر لگنے کے نتیجے میں شدید زخمی ہوگیا جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ زخمی راہگیر صلاح الدین کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ اے ایس آئی کی مدعیت میں پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شرو ع کردی۔