ایم کیوایم کے وائٹ پیپر پر پی پی بوکھلاہٹ کا شکارہے

104

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) پی پی پی کے رہنماء سچائی اور حقیقت پر مبنی ایم کیوایم کے وائٹ پیپر پر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار حق پرست ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سید وسیم حسین ،زبیر احمدخان ،دلاور قریشی ،صابر حسین قائم خانی اور راشد خلجی نے اپنے مشترکہ بیان میں سیدخورشید شاہ اور دیگر پی پی پی رہنماؤں کی جانب سے ایم کیوایم کے وائٹ پیپر کے اجراء پر جھوٹ پر مبنی الزام تراشی کو چور مچائے شور قراردیتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ منی لانڈرنگ کے بے تاج بادشاہ اور انکی ڈلیوری گرل ایان علی سے ملک کا بچہ بچہ آشناہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کی داستان رقم کرنے والے پی پی پی رہنماء کس منہ سے حق پر مبنی تحریک ایم کیوایم کے خلاف الزام تراشی کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ لاڑکانہ ترقیاتی اسکمیوں کے فنڈ میں بدعنوانی پر ہائی کورٹ کے ریمارکس ریکارڈ پر موجود ہیں کہ ڈائن بھی سات گھر چھوڑ دیتی ہے مگر کرپشن اور لوٹ مار کرنے والے کا دفاع کرنے والے خواب غفلت کی نیند سور ہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے سچائی اور حق پربڑی سے بڑی قربانی دی اور ایم کیوایم میں کسی جرائم پیشہ کو برداشت نہیں کیا یہ ایم کیوایم کی کرپشن اور لوٹ مار سے پاک ہونے کی واضع دلیل ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک سے محبت اور اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے سیاست کرنے والے پی پی پی میں موجود کرپشن اور لوٹ مار کی سیاست کرنے والوں سے علیحدگی اختیار کریں تاکہ سندھ اور ملک خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکیں۔