حیسکو نے نیپرا کے قوانین کی دھجیاں بکھیردی ہیں، نعیم نورانی

81

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) انسان دوست فاؤنڈیشن کے چیئرمین نعیم نورانی، ظہیرانصاری، آغاامتیاز علی، فقیرمحمد قریشی،ملک رمضان، اسد شیخ ، عارف خانزادہ و دیگر نے کرپٹ ترین اداہ حیسکو کی ترجمانی اور عوام پر ظلم کی پردہ پوشی پر وزیرمملکت عابد شیر علی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیسکو نے نیپرا کے قوانین کی دھجیاں بکھیردی ہیں ، صارفین کو نیپرا قوانین کے برخلاف بغیر کسی تحقیق اور ثبوت کے لاکھوں روپے کے ڈٹیکشن لگائے جارہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ حیدرآباد شہر کے ہر علاقے اور بالخصوص پریٹ آباد سب ڈویژن کو مکمل طورپر مقروض بنادیا گیا ہے ،حیسکو اہلکار کھلے عام بجلی چوری کرارہے ہیں اور حیسکو کے دفاتر میں اہلکار بیٹھے بیٹھے باقائدگی سے ادائیگی کرنے والوں پر ہزاروں روپے کے ڈٹیکشن لگانے میں مصروف ہیں جبکہ بجلی چور بلاخوف و خطر متعدد ائر کنڈیشنرز چند ہزار روپے رشوت دے کر چلارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حیسکو چیف کی جانب سے نئے کنکشن کیلئے ایک یوم میں نئے کنکشن کی فراہمی کے دعوے اخبارات کی خبروں تک محدود ہیں جبکہ صارفین قانونی کنکشن کے لئے دفاتر میں سرگرداں ہیں، لیکن کسی بھی سطع پر کوئی شنوائی نہیں ہے، جبراًدرست میٹرز کی تبدیلی کیلئے ڈیمانڈنوٹس بھروائے جارہے ہیں لیکن ادائیگی کے باوجود میٹر ز تبدیل نہیں کئے جارہے لیکن غیرقانونی ڈٹیکشن کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔انھوں نے وزیرمملکت عابد شیرعلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حقائق سے باخبر رہیں،ائیرکنڈیشنر رومز میں کرپٹ حیسکو اہلکاروں کی خوشامدی محفل کی بجائے عوام میں کھلی کچھریوں کا انعقاد کریں اورعوام کو ریلیف دیں،جبکہ نیپرا کے قوانین پر عمل کیا جائے اوراسی کے تحت بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کی جائے تاکہ عوام کے ساتھ ظلم نہ ہو۔