سی پیک منصوبہ ملکی معیشت اورتعمیر وترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا,جماعت اسلامی بلوچستا ن کے امیروممتازعالم دین مولانا عبدالحق ہاشمی

114

کراچی(اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی بلوچستا ن کے امیروممتازعالم دین مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ ملکی معیشت اورتعمیر وترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگاتاہم اس میں بلوچستان کواس کا جائز حق ملنا چاہیے،بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال قدرے بہترہوئی ہے مگریہ بھی کراچی کی طرح مصنوعی اورسی پیک کی ہی مرہون منت ہے۔ملکی استحکام اورقومی مفاد کی خاطرناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں لانے اورپائیدار امن کے لیے اصل طاقتور قوتوں کو اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سیل جماعت اسلامی سندھ کے دورے کے موقع پربات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بلوچستان کے صوبائی رہنما عبدالحمید منصوری،حافظ اسماعیل بلوچ جبکہ سندھ کے نائب امیرمحمد عظیم بلوچ، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا،محمد طیب، محمدبلال جٹ موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ اس سے بڑا ظلم وناانصافی کیا ہوگی کہ سی پیک کے مرکز گوادر کے عوام اس وقت بھی پانی صحت اورزندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں علاقے میں ریت ہی ریت اڑرہی ہے۔حکمرانوں کے آمرانہ طرزحکومت اورناانصافیوں پر مبنی اقدامات کے نتیجے میں ہی بغاوتیں اورمحرومیاں جنم لیتی ہیں۔انہوں کہاکہ عارضی اورمصنوعی اقدامات کرنے کے بجائے بلوچستان کے اصل مسائل کو حل کرکے عوام کی محرومیوں کو ختم کیا جائے۔صوبائی امیر نے کہاکہ بلوچستان حکومت نے بھی تاحال اس گیم چینجر منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے لیے نوجوانوں کو ہنر، اسکالرشپ اور چینی زبان سکھانے سمیت کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جبکہ پنجاب حکومت چائنا سے معاہدوں سمیت یہ سب کچھ کررہی ہے۔سی پیک منصوبے میں ہنر وچینی زبان کی بنیاد پر باہر سے تربیت یافتہ لوگ جب یہاں تعینات ہوں گے تو پھر گوادرسمیت بلوچستان کے لوگوں کو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا،جس سے غربت وافلاس اورمحرومیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے زوردیاکہ بلوچستان حکومت کو چاہیے کہ وہ مرکز سے سی پیک کے حوالے سے نہ صرف اپنا جائز حصہ وصول کرے بلکہ اس منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے لیے نوجوانوں کو ہنر،چینی زبان سکھانے اورنوجوانوں کو اسکالرشپ دلانے کے لیے بروقت ٹھوس وسنجیدہ اقدامات کرے۔