شامی مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر عالم اسلام آواز بلند کرے

88

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) عالم اسلام کے مسلمان ایک جان کی مثل ہیں، شامی مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر عالم اسلام آواز بلند کرے، پاکستان امریکا سے تعلقات ختم کردے۔ تنظیم تحفظ ناموس خاتم الانبیا پاکستان کے مرکزی رہنماؤں مفتی محمد طاہر مکی، حافظ محمد زاہد حجازی، پیرحافظ محمد طارق الحمادی، صاحبزادہ محفوظ الرحمن شمس ودیگر نے شام پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن کا فیصلہ ہے کہ یہود ونصاریٰ تمہارے دوست نہیں ہوسکتے، مسلم حکمرانوں کو آنکھیں کھولنی چاہئیں، امریکا ہو یا روس یہ کبھی بھی مسلمانوں کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے اگر چہ ان کے قتل عام کی بھی اجازت اسلام نہیں دیتا لیکن انہیں سر آنکھوں پر بٹھانے اور اپنے راز ان تک پہنچانے سے بھی تو اسلام نے روکا ہے۔ مفتی محمد طاہر مکی نے کہا کہ پوری دنیا میں رہنے والے مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں کہ جسم میں صرف آنکھ میں درد ہو تو بھی پورا جسم دکھتا ہے۔ حدیث پاک میں مسلمان کی یہی تشریح کی گئی ہے، اسی لیے ہمارا دل شامی مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر دکھی ہے، لیکن افسوس حکمرانوں پر ہے کہ انہیں پاناما لیکس، لوڈشیڈنگ، پر لڑائی جھگڑے سے ہی فرصت نہیں وہ مسلمانوں کے قتل عام پر کیا احتجاج کریں گے۔ رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے مسلمان غیور ہیں وہ کسی بھی صورت میں اپنے مسلمان بھائیوں کے قتل عام پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ تمام سیاسی و مذہبی اور مسلکی قائدین کو مل بیٹھ کر شام کے مسئلے پر لائحہ عمل دینا چاہیے۔ رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان فوری طور پر امریکا و روس سے اپنے سفارتی تعلقات ختم کرے اور ان کے سفارتخانوں کو بند کیا جائے۔