مسئلہ کشمیر اہم ایشو ہے، نظر انداز نہیں کرسکتے،طارق فاطمی

63

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ بات چیت کے لیے ہر وقت تیار ہے اگر بھارت چاہے تو بات چیت کا آغاز ہو سکتا ہے تاہم مسئلہ کشمیر اہم ایشو ہے اس کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا امریکہ کو خطے میں امن کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے ۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ دو جوہری طاقتوں کو آپس میں بات چیت کرنی چاہیے۔ بھارت غلط بیانی کر کے خود کو بچا نہیں سکتا ۔ ایسا لگتا ہے کہ بھارت بات چیت کے لیے تیار نہیں جو ملک اپنے
پڑوسی ملک کو تنہا کرنے کی بات کرتا ہے وہ بات چیت کے لیے کیسے تیار ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور عسکریت پسندی نے سب سے زیادہ مسلمان ملکوں کو نقصان پہنچایا ہے اسلامی فوجی اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ دہشتگردی کے خلاف ہے اس اتحاد میں انٹیلی جنس اور تجربات کی شیئرنگ ہوگی یہ اتحاد کسی مسلم ملک کے خلاف کام نہیں کرے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس سے مسلم ممالک میں تعاون بڑھے اور ان کے تعلقات میں بہتری آئے دہشتگردی اور عسکریت پسندی نے سب سے زیادہ مسلمان ملکوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ اسلامی فوجی اتحاد پر اعتراض کی شاید وجہ یہی ہے کہ ابھی تک اس اتحاد کے ٹی او آرز واضح نہیں کیے گئے اس پر وزرا دفاع کا ابھی تک اجلاس بھی نہیں ہوا ، مقاصد ابھی تک حتمی نہیں ہوئے ۔ الطاف حسین نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا ہے اگر حکومت پاکستان اس کے خلاف کارروائی کرنا چاہتی ہے تو کسی ملک کو اس میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے ۔پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے افغانستان میں امن کے لیے ہر کوشش کی حمایت کریں گے ۔