لاہور ‘ٹیکسلا ‘اسلا م آباد‘کوئٹہ ‘پشاور (نمائندہ جسارت‘خبرایجنسیاں)ملک بھرمیں سرچ آپریشن‘10 دہشت گرد ہلاک‘11گرفتار‘بڑی تعداد میں اسلحہ برآمدکیاگیا۔لاہور کے نواحی علاقے مناواں میں مبینہ مقابلے میں مال روڈ دھماکے میں ملوث10مبینہ دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کے متعدد ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار بھی ہو گئے، جن کی تلاش کی جا رہی ہے۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مال روڈ دھماکے میں ملوث سہولت کار انوار الحق اور اس کے5 ساتھیوں کو اسلحہ اور بارود کی ریکوری کے لیے مناواں لے جایا جا رہا تھا، رنگ روڈ کے قریب ان کے 8سے9 ساتھیوں نے حملہ کرکے انہیں چھڑا لیا، دہشت گرد دریائے راوی کی جانب فرار ہو گئے۔سی ٹی ڈی حکام نے مزید نفری طلب کر کے پیچھا کیا، آدھے گھنٹے بعد دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا گیا، جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔جوابی فائرنگ میں10 دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔ مارے جانیوالے دہشت گردوں میں 13فروری کو ہونیوالے مال روڈ لاہور دھماکے کا ہینڈلر دہشت گردملزم انوارالحق بھی شامل ہے، ملزموں سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیاگیا۔دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان /جماعت الاحرار گروپ سے بتایا گیا ہے۔ ٹیکسلا میں رینجرز کی کارروائی میں اسلحے کی بھاری کھیپ برآمد، 3 افراد کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ذرائع کے مطابق تینوں افراد مقامی لیگی ایم پی اے ملک عمر فاروق کے قریبی رشتے دار بتائے جاتے ہیں۔ اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 180 گھروں اور 330 افراد کی تلاشی لی ‘دوران آپریشن 2 بارہ بوربر آمد کر لیے‘4مطلوب افراد سمیت 6افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔بلوچستان کے پاک افغان سرحدی ضلع قلعہ عبداللہ میں سیکورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونیوالی بارود سے بھری گاڑی پکڑلی، کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب ملزم کو سہولت کار سمیت گرفتار کرلیا گیا۔گرفتار دہشت گرد بارود سے بھری گاڑی کوئٹہ میں دہشت گردی کی کارروائی کیلیے استعمال کرنا چاہتے تھے۔ادھر تربت میں فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا کارندہ مارا گیا۔ بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں کمانڈر علی محمدسمیت 10 فراریوں نے سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام اور چیف آف کلپر کے سامنے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔کرم اورکزئی ایجنسیوں ، کوہاٹ ، ہنگو ، ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر تمام اداروں کو چوکس کردیاگیا ہے۔